بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو الحجة 1445ھ 01 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

گھر کے فرد کو زکات دینا


سوال

اگر گھر میں چار افراد رہتے ہوں اور ان میں سے ایک صاحبِ  نصاب نہ ہو تو اس کو  زکات دی جا سکتی ہے؟  وہ اس زکات سے گھر کے لیے نیا ریفریجریٹر خرید سکتا ہے جسے باقی تین افراد  بھی استعمال کریں اور آنے والے مہمان بھی؟

جواب

زکات ایک مالی عبادت ہے اور اسے ایسے مصرف میں ادا کرنا لازم ہے کہ زکات ادا کرنے والا  اس رقم سے منفعت حاصل نہ کرے،  صورتِ مسئولہ میں گھر کے فرد کو  زکات دے کر زکات دینے والا چوں کہ اپنی ہی زکات کی رقم سے منفعت حاصل کرےگا؛ لہذا  اس مصرف میں زکات صرف کرنے سے زکات ادا نہیں ہوگی۔

اگر والدین یا میاں بیوی کے علاوہ گھر کے افراد میں سے کوئی (مثلاً ایک بھائی یا بہن) واقعۃً  غریب ہو اور سید گھرانے سے تعلق نہ ہو تو اسے دو شرائط کے ساتھ زکات دینا جائز ہے:

(1) زکات دینے والے پر اگر اس کا نفقہ واجب ہو توزکات کی رقم  واجب نفقے میں نہ دے۔ (2) مشترکہ خرچے یا مشترکہ استعمال کی اشیاء میں زکات صرف نہ ہو۔

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (2 / 50):
"ويجوز دفع الزكاة إلى من سوى الوالدين والمولودين من الأقارب ومن الإخوة والأخوات وغيرهم؛ لانقطاع منافع الأملاك بينهم".

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (2 / 49):
"ومنها: أن لاتكون منافع الأملاك متصلةً بين المؤدي وبين المؤدى إليه؛ لأن ذلك يمنع وقوع الأداء تمليكًا من الفقير من كل وجه بل يكون صرفًا إلى نفسه من وجه".

تحفة الفقهاء (1 / 303):
"والشرط الآخر أن لايكون منافع الأملاك متصلةً بين صاحب المال وبين المدفوع إليه؛ لأن الواجب هو التمليك من الغير من كل وجه فإذا كانت المنافع بينهما متصلةً عادةً فيكون صرفًا إلى نفسه من وجه فلايجوز.
بيان ذلك أنه لو دفع الزكاة إلى الوالدين وإن علوا أو إلى المولودين وإن سفلوا لايجوز لاتصال منافع الأملاك بينهم ولهذا لاتقبل شهادة بعضهم لبعض.
ولو دفع إلى سائر الأقارب سواهم من الإخوة والأخوات وغيرهم جاز لانقطاع المنافع بينهم من حيث الغالب". 
 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200171

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں